عوام کی ناراضی آسمان کو چھو رہی ہے، احمدی نژاد کا خامنہ ای کو کھلا خط

عوام کی ناراضی آسمان کو چھو رہی ہے، احمدی نژاد کا خامنہ ای کو کھلا خط

تہران : ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے ملک میں عدلیہ کے حکام کو سخت نکتہ چینی کا نشانہ بنایا ہے جن میں صادق لاریجانی سرِ فہرست ہیں۔ سابق صدر نے ایرانی مرشد اعلی علی خامنہ ای کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی شہری کا غم و غصہ آسمان کو چھو رہا ہے۔

سابق صدر کے زیر انتظام ویب سائٹ "بہار" کے مطابق خامنہ ای کو بھیجے گئے ایک کھلے خط میں نجاد نے لاریجانی کے خاندان پر الزام عائد کیا کہ اس نے عدالتی اختیارات کو سیاسی ، ذاتی اور اہل خانہ کے تعلقات میں استعمال کیا۔گزشتہ ہفتوں کے دوران احمدی نژاد اور ان کے قریبی ساتھیوں مثلا حمید بقائی وغیرہ نے ایران میں عدلیہ پر کڑی تنقید کی ہے۔

اسی حوالے سے دور روز قبل نجاد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہمیں توقع نہ تھی کہ ہمارے یہاں عدالتی آمریت کا وجود ہو گا۔محمود احمدی نژاد اس وقت تہران کی پالیسیوں سے نالاں غضب ناک عوام کے دلوں کو جیتنے کے لیے کوشاں ہیں۔ نجاد نے انکشاف کیا کہ ایرانی عدالتوں میں اس وقت تقریبا 1.7 کروڑ معاملات تعطل کا شکار ہیں۔

احمدی نژاد نے غیر مسبوق نوعیت کی صراحت کے ساتھ خامنہ ای کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی صورت حال اور عدلیہ کے حوالے سے عوام کا عدم اطمینان غیر مسبوق نوعیت کا ہو چکا ہے اور ظلم کے نتیجے میں شہریوں کی چیخیں آسمان تک پہنچ رہی ہیں۔

نجاد کا کہنا ہے کہ اس منحرف عدلیہ کے سامنے کھڑا ہونا باعث فخر ہے۔یاد ہے کہ عدلیہ کے ترجمان غلام حسین محسنی نے کل منگل کے روز اپنے ایک بیان میں دھمکی دی تھی کہ اگر احمدی نژاد نے ایرانی عدلیہ کے خلاف تنقید اور نکتہ چینی کا سلسلہ جاری رکھا تو ان کا تعاقب کیا جائے گا۔