لاہور : گلوکار سعد خالد کا حال ہی میں فوت ہونے والے گلوکار اے نیئر کو خراج عقیدت، ان کا گیت ”بینا تیرا نام“ کے ریمکس کا ویڈیو تیار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف اداکار و گلوکار سعد خالد نے اے نیئر کو ٹریبیوٹ پیش کرنے کیلئے ان کا گیت ”بینا تیرا نام“ اپنی آواز میں گایا ہے۔ اس کا میوزک شمیر گل نے ارینج کیا ہے۔ اس گانے میں گٹار راجو آر این بی نے بجایا ہے جبکہ بانسری نواز عبران علی ہیں۔ اس گانے کا ویڈیو سجیل خان نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
سعد خالد نے بتایا کہ میں اے نیئر صاحب کا بہت مداح ہوں، ان کے بیشمار گیت ایسے ہیں جو میرے پسندیدہ ہیں۔ وہ بیشک اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں مگر اپنے گیتوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ یہ گیت تیار کرنے کا مقصد اپنے ملک کے عظیم فنکار کو ٹریبیوٹ پیش کرنے کی ایک ادنی سی کوشش ہے۔ اس گیت کے ویڈیو کا ایک ٹیزر سوشل میڈیا پر جاری کر دیا گیا ہے جسے بہت پسند کیا جا رہا ہے جبکہ مکمل ویڈیو آئندہ چند روز میں منظر عام پر لایا جائے گا۔