کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں انڈین آرمی کے 3 افسرہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع دارجیلنگ میں انڈین آرمی کا ہیلی کاپٹر گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹوں سمیت بھارتی فوج کے تین افسرہلاک جب کہ ایک جونیئرکمیشنڈ آفیسر شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
بھارتی فوج کے ایک سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے بعد واپس ملٹری کیمپ آرہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا. حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی فوج کے ایسٹرن ائیرکمانڈ میں لڑاکا طیاروں کے حادثات آئے روز پیش آتے رہتے ہیں تاہم گزشتہ چند عرصے میں یہ ہیلی کاپٹر کی تباہی کا واحد واقعہ ہے.