نیو یارک: چاہے آپ کے پیٹ میں درد سا محسوس ہو رہا ہو یا آپ کا کمبل سے نکلنے کا دل نہ کر رہا ہو، پیر کے دن صبح صبح ایسی کیفیات ہر اس شخص پر طاری ہو سکتی ہیں جو کسی دفتر میں ملازمت کرتا ہو۔
جمعہ ہو یا پیر دونوں دن چھٹی کرنے والوں میں چاہے جتنے مقبول ہوں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان دونوں دنوں میں دفتر سے چھٹی کرنے والوں کی شہرت انتظامیہ کی نظر میں اچھی نہیں ہوتی۔ تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر وہ ہفتے کا کون سا دن ہے کہ جس میں چھٹی کی جا سکتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں منگل کا دن!
ایک ہزار سے زیادہ ملازمین کا سروے کرنے کے بعد برطانیہ کے ادارے اٹیسٹ نے پایا ہے کہ یہ وہ دن ہوتا ہے جس دن اگر بیماری کا بہانہ بنا کر چھٹی کی جائے تو دفتر کو اس بات کا شک کم ہوتا ہے کہ ملازم اپنی ہفتہ وار تعطیلات کو لمبا کرنے کے لیے یہ حرکت کر رہا ہے۔
لیکن صرف دن ہی اہم نہیں ہے، بہانہ بھی اچھا ہونا چاہیے۔ ایک دوسرے ادارے بینیڈین نے ڈھائی ہزار ملازمین اور مالکان میں سروے کیا اور پایا کہ پیٹ میں درد ایک ایسا بہانہ ہے جو مالکان میں سب سے زیادہ ہمدردی پاتا ہے۔ دوسرے نمبر پر اسہال اور تیسرے نمبر پر نزلہ۔ جو سر درد، ذہنی دباوٴ یا ایسے دیگر بہانے بناتے ہیں انہیں باس کی جانب سے شک ہی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، بلکہ ساتھیوں ملازمین کی طرف سے بھی، جن پر ان کی ذمہ داری آن پڑتی ہے۔