توانائی کےشعبے میں مزید اقدامات کررہے ہیں، ’روشن پاکستان پروگرام‘ سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا:اویس لغاری 

04:41 PM, 30 May, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ توانائی کےشعبے میں مزید اقدامات کررہے ہیں، ’روشن پاکستان پروگرام‘ سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا۔

 وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنارہے ہیں،، جہاں 20 فیصد سے زائد نقصانات ہوں وہاں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان بھر میں گزشتہ روز یعنی 29 مئی کو بجلی کی 25 ہزار 820 میگا واٹ کی مانگ تھی جس میں 21 ہزار 588 میگا واٹ ہم نے اپنے سسٹم کے اندر سے پیدا کرکے سپلائی کی، جب کہ 4 ہزار 232 میگا واٹ سپلائی نہیں کی گئی اور 4 ہزار 232 میگا واٹ کی لوڈ شیڈنگ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوڈ شیڈنگ صرف ان فیڈرز پر کی گئی، جہاں نقصانات ہورہے ہیں، 20 فیصد سے لے کر 100 فیصد تک جہاں جہاں ہمارے نقصانات ہورہے ہیں، 4 ہزار 232 میگا واٹ بجلی وہاں فراہم نہیں کی گئی۔اویس لغاری نے بتایا کہ  جہاں 20 فیصد سے کم نقصانات ہیں، بدقسمتی سے ان فیڈرز پر بھی کچھ گھنٹے بجلی بند رہی، مثال کے طور پر لیسکو میں ایک ہزار 978 ایسے فیڈرز ہیں جہاں نقصانات کم ہیں، لیکن 188 فیڈرز پر بھی لوڈ شیڈنگ ہوئی جو قابل قبول نہیں ہے۔

وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اگر ہم یہ بجلی ان علاقوں کو فراہم کرنا شروع کردیں تو نقصان اس حد تک بڑھ جائیں گے کہ پاکستانی معیشت مزید تباہ ہوجائے گی، جب تک ہماری ڈسٹری بیوشن کمپنیاں اپنے رخ کا تعین نہیں کرتیں اور صوبائی حکومتوں کی مدد سے ان نقصانات کا ازالہ نہیں کرتی، تب تک یہ لوڈ شیڈنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، صوبوں کے ساتھ بات کی ہےکہ بجلی چوری کے خلاف ساتھ دیں، بجلی چوروں کی وجہ سے کنزیومرز کو مشکلات پیش آئیں۔وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ فیسکو میں 6 فیصد، آئیسکو میں 7 فیصد فیڈرز پر بجلی بند ہوئی، ملتان میں 15فیصد لائن لاسز کیٹگری فیڈرز پر بجلی بند ہوئی۔

مزیدخبریں