ییجنگ:چین اور پاکستان کے درمیان نئے فضائی مال بردار روٹ کا آغاز ہو گیا۔
چینی نیوز ایجنسی (شِںہوا) کے مطابق گوئی یانگ چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو اور پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے درمیان ایک نیا فضائی مال بردار روٹ شروع کردیا گیا ہے۔
گوئی ژو کے صدرمقام گوئی یانگ سے منگل کی صبح ایک مال بردار طیارے نے اڑان بھری جو تقریباً 6 گھنٹے کی پرواز کے بعد کراچی پہنچا۔ طیارے پر کپڑے، الیکٹرانک مصنوعات اور دیگر اشیاء سمیت 6 ٹن سامان لادا گیا تھا۔
گوئی یانگ کسٹمز کے مطابق طیارہ پاکستان سے نیلے کیکڑے لیکر واپس آئے گا۔
یہ گوئی ژو اور پاکستان کے درمیان پہلا اور صوبے کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹومیں شامل ملک سے منسلک کرنے والا پہلا فضائی مال بردارروٹ بھی ہے۔
حکام کے مطابق نئے فضائی روٹ سے گوئی یانگ کو چین کے جنوب مغرب میں مال کی تقسیم کا مرکز بنانے میں مدد ملے گی ،اس کے علاوہ پاکستان کی معیاری تازہ مصنوعات کے گوئی ژو پہنچنے کا وقت بھی کم ہوجائے گا۔