اسلام آباد:بجٹ کیسا بنائیں گے اسحاق ڈا رنے مشکلات کے باوجود بتادیا۔وفاقی وزیر خزانہ اور ن لیگی رہنما اسحاق ڈار نے کہاکہ گزشتہ حکومت کے آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، مشکلات کو سامنے رکھ کر بجٹ تیار کریں گے۔
اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشکلات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ن لیگ کے گزشتہ دور میں عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریفیں کر رہے تھے۔ جب بھی پاکستانی ٹیک آف کرتا ہے توعجیب سانحہ ہو جاتا ہے، ہمیں بلیم گیم میں نہیں پڑنا بلکہ ملک کو آگے لے کر چلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مشکل ترین فیصلے کیے، ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، مشکل وقت ہے مل کر کام کرنا ہے۔اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اکانومی سوئچ آن آف کر کے ٹھیک نہیں ہوگی بلکہ اس کی بہتری میں وقت لگے گا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ہم سب کو پتا ہے کہ اکانومی کا پہیہ بہت سست ہے۔ تنگی ہے تو اسی کے مطابق چلنا ہے۔ کوشش ہے کہ بجٹ عوام اور کاروبار دوست بنائیں۔