ججوں نے سٹینڈ نہ لیا تو تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی: عمران خان 

06:17 PM, 30 May, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے ہمارے لانگ مارچ پر حکومت نے ظلم کیا اس کے بعد میں سپریم کورٹ سے کہتا ہوں کہ آئین کے تحت کیا ہمیں نقل و حرکت کی اجازت نہیں۔ احتجاج کا حق حاصل نہیں۔ میں سپریم کورٹ سے کہتا ہوں اس پر فیصلہ دے کہ کیا ہم مارچ کر سکتے ہیں؟

پشاور میں تحریک انصاف لائرز فورم سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے تحفظ فراہم نہ کیا تو ہم احتجاج کی دوسری حکمت عملی اپنائے گے۔ ہم نے بنا تیاری کے لانگ مارچ کی لیکن اب ہم تیاری کر کے جائیں گے۔

  

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ حکومت اور ان کی قیادت ملک کے اقتدار پر رہی تو ملک میں مکمل تباہی ہو گی کیونکہ قانون کی بالادستی ختم ہو جائے گی۔ اس وقت میں اگر ملک کے وکلا اور ججوں نے سٹینڈ نہ لیا تو تاریخ آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت الیکشن کروانے سے ڈرتی ہے۔ موجودہ حکومت الیکشن نہیں کروانا چاہتی کیونکہ یہ عوام سے غلامی کروانا چاہتے ہیں۔ لانگ مارچ میں حکومت نے ظلم کیا ہے اور ہمارے کارکنوں پر ہزاروں شیل برسائے ہیں۔

عمران خان نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف نے 90 کی دہائی میں سینکڑوں لوگوں کو مروایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ایف آئی اے کے کیس میں سزا ہونے والی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آج ہمارا ملک جہاں کھڑا ہے اس میں ہمارے ملک کے وکلا اور ججوں کا بہت امتحان ہو گا۔  ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں وکلا اورججوں کا بہت اہم کردار رہا ہے۔ ملک آج فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، ہمارے خلاف بیرونی سازش ہوئی۔

مزیدخبریں