اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جبری گمشدیوں سے متعلق پالیسی پر غور کرنے کے لیے وزیر قانون کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے گمشدگیوں سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران حکومتی سربراہان سے سوال کیا تھا کہ اس بات کی وضاحت کریں کہ جبری گمشدگیاں ریاست کی حکمت عملی کیسے بنی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کریں گے ۔ دیگر اراکین میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وزیر برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت شازیہ مری، وزیر مواصلات اسعد محمود، وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین، وزیر بحری امور فیصل علی سبزواری اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ شامل ہیں۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات اور رپورٹ مزید غور کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کی جائیں گی جبکہ وزارت داخلہ کمیٹی کو سیکریٹریل معاونت فراہم کرے گی۔
وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ کمیٹی کو نامور ماہر قانون، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر اراکین کو کمیٹی میں شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔