اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیائے خورونوش مہنگی ہونے کے جائزے کیلئے اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں وزارت خزانہ، توانائی، پٹرولیم، منصوبہ بندی کے حکام بھی شریک ہوں گے جبکہ اجلاس میں پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ ملکی معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور بجلی کی قیمتوں سمیت معیشت پر اثرات سے آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 26 مئی کو پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کے ایک نئے طوفان نے سر اٹھا لیا ہے اور عوام شدید بے چینی میں مبتلا ہیں۔