کراچی: ملتان سے کراچی آنے والی زکریا ایکسپریس میں خاتون کے ساتھ ٹرین کے عملے کی اجتماعی زیادتی کے واقعے کی تصدیق کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا اور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹرین انتظامیہ سے رابطہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹرین میں سفر کرنے والی خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا دلخراش واقعہ 27 مئی کو پیش آیا جب متاثرہ خاتون ملتان سے کراچی آنے والی زکریا ایکسپریس میں سفر کر رہی تھی کہ ٹرین کے عملے نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر تھانہ سٹی کراچی میں درج کرلی گئی ہے جس میں ٹکٹ چیکر زاہد اورعاقب نامی شخص کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کی رہائشی خاتون کے شوہر نے ڈیڑھ ماہ قبل اس کو طلاق دیدی تھی، اس کا سسرال مظفر گڑھ میں ہے، اور وہ اپنے بچوں سے ملنے 26 مئی کو مظفر گڑھ پہنچی۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون مظفر گڑھ میں اپنے بچوں سے ملاقات کے بعد 27 مئی کو واپس زکریا ایکسپریس کے ذریعے کراچی کیلئے روانہ ہوئی، تاہم اسے ملتان سٹیشن پر ٹکٹ نہیں ملا جس کے باعث اکانومی کلاس کا ٹکٹ بنوا کر بغیر سیٹ سفر کیا۔
خاتون نے بتایا کہ ٹرین جب روہڑی سے روانہ ہوئی تو نجی شعبے کے ٹکٹ چیکر زاہد نے اسے برتھ کی پیشکش کی، اور اسے اے سی بوگی کے ایک کمپارٹمنٹ میں لے گیا، کچھ دیر بعد زاہد کمپارٹمنٹ میں آیا اور اس سے دست درازی کی اور جب اس نے وہاں سے جانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر زیادتی کانشانہ بنا دیا، اس کے بعد انچارج عاقب نے بھی زبردستی زیادتی کی جس کے بعد ایک اور شخص کمپارٹمنٹ میں آیا اور زیادتی کی۔
ایس پی ریلوے مہر کوثر عباس کے مطابق خاتون نے کراچی سٹیشن پر پہنچ کر کسی کو واقعے سے متعلق اطلاع نہیں دی تھی اور وہ پریشانی کے عالم میں سٹیشن پر بیٹھی تھی کہ ریلوے پولیس نے اس کی مدد کی، خاتون اپنی حقیقی بہن کے ساتھ گھر چلی گئی تھی، اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس نے متاثرہ خاتون کو گھر سے بلوایا اور اس کا بیان ریکارڈ کیا۔
ایس ایس پی ریلوے نے کا کہنا ہے کہ زکریا ایکسپریس نجی شعبے کے زیر انتظام چلائی جارہی ہے اور واقعہ میں ملوث ٹرین کا عملہ فرارہوگیا ہے تاہم ریلوے پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں ملتان روانہ ہو گئی ہیں، اور ملتان پولیس کو بھی اپنا کام کر رہی ہے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔