گارنٹی دے کر بھی اپنے بھائی کو واپس نہ لانے والا شہباز شریف قوم کو کیا دے گا: شیخ رشید

12:18 PM, 30 May, 2022

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جو شہباز شریف 50 روپے عدالتی سٹامپ کی گارنٹی پر 4 سال میں اپنے بھائی کو واپس نہ لا سکا وہ قوم کو کیا دے گا۔ حکومت کا مسئلہ اب لوڈشیڈنگ نہیں بلکہ نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف سے پنے مقدمات ختم کروانا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 3 سیاسی چوہوں کے درمیان یہ اتحاد تھا کہ ایک نے اپنے بیٹے کو وزیراعلیٰ بنا لیا ہے دوسرے نے وزیرخارجہ، اور تیسرے نے وزیر مواصلات، جبکہ غریب لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری سے مررہا ہے جس سے اب ان کو کوئی غرض بھی نہیں ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ لاٹھی چارج اور آنسو گیس سے دبانے کیلئے رانا ثناءاللہ جیسے اجرتی قاتل کرائے پر رکھ لئے گئے ہیں اور اب حکومت کا مسئلہ 8 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نہیں بلکہ نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف سے اپنے مقدمات ختم کروانا ہے جس پر تیزی سے کام بھی کیا جا رہا ہے۔ 
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 1 ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑام سے گرجائے گی، ابھی پٹرول اور بجلی میں اضافے کی پہلی قسط آئی ہے، 5 سے 25 جون تک دوسری قسط بھی آ جائے گی تو لوگ خود سڑکوں پر آئیں گے اور غلامی کی زنجیریں توڑیں گے۔ 
سربراہ عوامی مسلم کا کہنا تھا کہ حکومت کا جانا ناگزیر ہے، عنقریب وہ وقت آئے گا جب صدر ان سے اعتماد کے ووٹ کیلئے کہے گا اور پھر سامراجی خواہشیں چکنا چور ہو جائیں گے، ایک ووٹ کی اکثریت صرف غلامی کے سامراجی فیصلوں پر عملدر آمد کیلئے دی گئی ہے، اور 1 ووٹ کی اکثریت والی حکومت 22 کروڑ لوگوں کی ترجمانی نہیں کرسکتی۔

مزیدخبریں