کھٹمنڈو: نیپال میں لاپتہ ہونے والے نجی ایئرلائن کے طیارے کا ملبہ کوانگ گاﺅں میں مل گیا ہے اور پرواز میں سوار تمام افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کچھ لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزلاپتہ ہونے والے طیارے میں 22 افراد سوار تھے جن میں 19مسافر اورعملے کے3 ارکان شامل تھے۔ طیارے میں 13 نیپالی شہری، 4 بھارتی، 2 جرمن اور پائلٹ سمیت 3 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا۔
ذرائع کے مطابق طیارے میں سوارتمام افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کچھ لاشیں ناقابل شناخت ہیں جبک حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ جو پوکھرا ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے 16 منٹ بعد نیپال کے شہر شیکھا پر 12835 فٹ کی بلندی پر 267 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے محو پرواز تھا کہ کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’فلائٹ ریڈار 24‘ کا کہنا ہے کہ طیارے ’دی ہیوی لینڈ کینیڈا ڈی ایچ سی سکس تھری ہنڈرڈ ایئر کرافٹ‘ نے ’نائن این اے ای ٹی‘ رجسٹریشن نمبر کے ساتھ اپریل 1979 میں پہلی پرواز کی تھی۔