یکم جولائی سے بجلی کی قیمت میں 8 روپے فی یونٹ تک اضافے کا امکان

08:44 AM, 30 May, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: یکم جولائی سے بجلی کی قیمت میں 8 روپے فی یونٹ تک اضافے کا امکان ہے جس کے بعد بجلی کا بنیادی ٹیرف ساڑھے 16 روپے سے بڑھ کر 24 روپے سے بھی تجاوز ہونے کا امکان ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ بنیادی ٹیرف کی مد میں کیا جائے گا اور یہ اضافہ 10 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواستوں پر نیپرا کے فیصلوں کے بعد کیا جائے گا۔ 
ذرائع نے بتایا کہ نیپرا 10 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی ریوینیو ضروریات کی درخواستوں پر سماعتیں مکمل کرچکا ہے اور رواں ہفتے ان درخواستوں پر نیپرا کی طرف سے فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور ڈویژن نیپرا کی جانب سے فیصلہ جاری ہونے کے بعد قیمت بڑھانے کا حتمی فیصلہ کر سکے گی جبکہ نیپرا کا فیصلہ آنے کے بعد وفاقی حکومت ٹارگٹڈ سبسڈی کا فیصلہ بھی کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ فیول پرائسز، مہنگا ڈالر، گردشی قرضہ اور کمپنیوں کے نقصانات کے سبب بجلی مہنگی ہو گی جبکہ بجلی کی قیمتوں میں یہ اضافہ یکمشت نہیں بلکہ مرحلہ وار کیا جا سکتا ہے۔ 
ذرائع نے بتایا کہ اس وقت ملک میں بجلی کا بنیادی ٹیرف ساڑھے 16روپے فی یونٹ سے زیادہ ہے، نیپرا اور وزارت توانائی کا فیصلہ آنے پر اوسط بنیادی ٹیرف 24 روپے سے تجاوز کر سکتا ہے۔

مزیدخبریں