پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کا صحت کارڈ کو قانونی تحفظ دینے کا فیصلہ ، یونیورسل ہیلتھ کوریج بل 2022 آج خیبر پختونخوا اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ۔
بل کے مسودہ کے مطابق قومی شناختی کارڈ میں جس کا مستقل پتہ خیبرپختونخوا کا ہوگا وہ صحت کارڈ سے مستفید ہوسکتا ہے ۔ حکومت صحت کارڈ کیلئے انشورنس کمپنی کا تعین براہ راست بولی کے ذریعے کرے گی ۔
مسودہ میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت صحت کارڈ کیلئے رقم کی ادائیگی انشورنس کمپنی اور کمپنی پینل کے ہسپتالوں کو کرے گی ۔ حکومت مخصوص پالیسی کے تحت اضافی پیکج کا اعلان کر سکے گی ۔
مسودہ کے مطابق صحت سہولت کارڈ کی نگرانی کیلئے وزیر صحت کی سربراہی میں سنٹرل مینجمنٹ سسٹم وضع کیا جائے گا جبکہ ماہرین پر مشتمل پالیسی بورڈ صحت کارڈ کیلئے سرکاری اور غیرسرکاری ہسپتالوں کا تعین کرے گا ۔
صحت کارڈ کو قانونی تحفظ دینے کے علاوہ خیبر پختونخوا حکومت نے اندرونی اور بیرونی قرضوں میں شفافیت کیلئے قانون بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مالیاتی ذمہ داریوں اور قرضوں کے انتظام کا بل آج اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ۔
مسودہ کے مطابق محکمہ خزانہ مجوزہ قانون کے تحت بجٹ بیلنس ، کل قرضے اور ادائیگی کا طریقہ کار وضع کرے گا ۔ اندرونی اور بیرونی قرضہ صرف مالی خسارہ کم کرنے ، شیڈولنگ اور سرمایہ کاری کیلئے کیا جاسکے گا ۔
عمومی قرضے صوبے کے اوسطا محصول سے 150 فیصد اور کارپوریشنز کی آمدنی کے 30 فیصد سے زائد کے نہیں ہوں گے ۔ مجوزہ قانون کے تحت حکومت ماہرین پر مشتمل ایک خصوصی ڈیبٹ مینجمنٹ سیل تشکیل دے گی ۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے گزشتہ 4 سال میں 294 ارب روپے کے بیرونی قرضے حاصل کئے ہیں ۔