این سی او سی کی آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات 2 ماہ کیلئے ملتوی کرنے کی تجویز

11:41 PM, 30 May, 2021

اسلام آباد،انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات 2 ماہ کیلئے ملتوی کرنے کی تجویز دے دی۔

این سی او سی نے انتخابات ملتوی کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو مراسلہ لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2021  تک آزادکشمیر کی 10لاکھ آبادی کو ویکسی نیشن کی جاسکتی ہے۔ 
مراسلے کے مطابق انتخابات کے باعث بڑے سیاسی اجتماعات کورونا وبا پھیلانے کا باعث بنیں گے جبکہ آزادکشمیر میں پہلے بھی کورونا وائرس پھیلاؤ کی شرح زیادہ رہی ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ جولائی میں انتخابات کا انعقاد کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی مدت 29 جولائی کو ختم ہو رہی ہے تاہم  اب تک انتخابات کا شیڈول جاری نہیں ہوا۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے این سی او سی کی انتخابات ملتوی کرنی کی تجویز مسترد کردی ہے۔

مزیدخبریں