نوسر بازوں کا ٹولہ سندھ پر حکومت کر رہا ہے، حلیم عادل شیخ

12:54 PM, 30 May, 2021

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ایک ویکسن تک نہیں خریدی، ویکسین وفاق نے دی تو فوٹو عبداللہ شاہ کی لگا لی۔ نوسر بازوں کا ٹولہ سندھ پر حکومت کر رہا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کل آدھا سچ بولا۔ سندھ کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ وزیراعظم کو سندھ کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ 13 سال سے معاشی دہشتگردوں کے حوالے ہے۔ سندھ میں لا اینڈ آرڈر کا بڑا مسئلہ ہے۔ سندھ میں بدامنی ہے، لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔

پانی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ پیپلز پارٹی کو سمجھنا چاہیے کہ بارش کم ہوئی لیکن اس نے یہ ایشو بنا لیا ہے۔ دوسری جانب دیکھا جائے تو پنجاب کو اس کے حصے سے 32 فیصد پانی کم مل رہا ہے۔ پنجاب اور سندھ کو 32، 32 فیصد پانی کم مل رہا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کو لڑا کر پیپلز پارٹی کیا پیغام دینا چاہتی ہے؟ ہمیں بھی سندھ کا درد ہے، آپ جنگ نہیں لڑ سکتے۔ جن کے پاؤں کرپشن کی دلدل میں ہوں وہ جنگ نہیں لڑ سکتے۔ ایک ہفتہ قبل چشمہ سے 2600 کیوسک پانی جا رہا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ برف پگلنے سے 10 جون تک پانی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے 3 سالوں میں سندھ میں ایک ہزار ارب خرچ کیے۔ کراچی کو پانی کی فراہمی کیلئے کے فور بنائی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں