اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے عوام کو خوشخبری دی ہے کہ ایک طویل انتظار کے بعد معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے معیشت کا جو حشر کیا، اس کے نتیجے میں معاشی تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ایک طویل انتظار کے بعد معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار چارہزار ارب روپے سے زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوا، بیرون ملک پاکستانیوں نے معیشت کو پاؤں پرکھڑا کرنےکی اس کوششش میں بھرپور حصہ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ 1,000 ارب روپیہ پاکستان بھیجا، گندم، چاول، گنا اور مکئی کی تاریخی پیداوار ہوئی۔ زرعی معیشت میں 1100 ارب روپیہ منتقل ہوا۔ اس سے کسانوں کی قوت خرید میں بھرپور اضافہ ہوا۔ ٹریکٹر 54 فیصد زیادہ فروخت ہوئے جبکہ کھاد اور زرعی ادویات کے استعمال میں اضافہ ہوا۔
وفاقی وزیر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سٹاک مارکیٹ نے 27 مئی کو 2.21 ارب شیئرز کی خرید وفروخت سے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس وقت پاکستان کی مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ کیا اس وقت جب معیشت اوپر جا رہی ہے اور عام آدمی کی حالت بدل رہی ہے اپوزیشن احتجاج کی کال کیوں دے رہی ہے؟ ایسی سیاست کا فائدہ کس کو ہوگا؟