لاہور:ناٹنگھم میں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس ، چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ اسکواڈ کو مشوروں سے نواز دیا۔
تفصیلات کے مطابق, ناٹنگھم میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور مشقوں کا آغازکردیا، ابتدا ہی میں کھلاڑیوں کو سپرفٹ بنانے کے لیے مخصوص جسمانی ورزشیں کرائی گئیں، فیلڈنگ خامیوں پر قابو پانے کے لیے خصوصی سیشن ہوا۔
بعد ازاں کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کی بھی مشقیں کیں۔ہیپاٹائٹس سے صحتیاب ہونے والے اسپنرشاداب خان اوردیگر بولرزبھرپور فارم میں دکھائی دیے۔کھلاڑیوں کوکیچنگ کی خصوصی مشق کرائی گئی،فیلڈنگ کوچ نے کپتان سرفرازاحمد کے ساتھ وکٹ کیپنگ کا الگ سیشن کیا۔
بعد ازاں گراونڈ میں ہی کھلاڑیوں کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے خامیوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ انھیں مشوروں سے بھی نوازا۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے ابتدائی دونوں میچز ٹرینٹ برج میں ہی کھیلے گی، پہلا میچ جمعے کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔