صرف 22منٹ پیدل چلیں اور جو مرضی کھائیں آپ کو کچھ نہیں ہوگا ، ماہرین صحت کا اہم انکشاف

05:29 PM, 30 May, 2017

نیوویب ڈیسک

لندن: برطانوی ماہر ڈاکٹر اسیم ملہوترا کی قیادت میں تحقیق کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ سیچوریٹڈ چکنائی کے متعلق یہ نظریہ بالکل غلط ہے کہ اس کی وجہ سے شریانوں میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور یہ دل کی بیماری کا سبب بنتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر آپ روزانہ 22 منٹ پیدل چلیں تو مکھن اور بالائی جیسی غذا کا آپ کو کوئی نقصان نہیں ہوتا، بلکہ فائدہ ہوتا ہے۔تحقیق کاروں، جن میں لسٹر ہسپتال کے ڈاکٹر ملہوترا کے علاوہ یونیورسٹی کالج لندن کے پاسکل مائر اور امریکی کارڈیالوجسٹ پروفیسر ریٹا ریڈبرگ بھی شامل تھیں، نے برٹش جنرل آف سپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والے مضمون میں لکھا ہے کہ سیچوریٹڈ چکنائی کی وجہ سے شریانوں میں رکاوٹ پیدا ہونے کا نظریہ غلط اور بے بنیاد ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سیچوریٹڈچکنائی کی مناسب مقدار رکھنے والی غذائیں، مثلاً مکھن، پنیر اور بالائی، آپ کیلئے نقصان دہ نہیں ہیں۔ اسی طرح زیتون کے تیل اور خشک میوہ جات میں پائی جانے والی چکنائی تو بہت فائدہ مند ہے اور ہارٹ اٹیک کے خطرے کو کم کرتی ہے۔ تحقیق کرنے والے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ چکنائی کے متعلق عوام الناس کو دی جانے والی ہدایات میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ دل کی بیماری کو روزانہ 22 منٹ کی چہل قدمی سے دور بھگایا جاسکتا ہے، جبکہ اس کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ گھر میں پکا ہوا صحت بخش کھانا بھی کھایا جائے۔

تحقیق کے مطابق روزانہ 22 منٹ باقاعدگی سے واک کرنے سے اوسط عمر میں ساڑھے تین سے ساڑھے چار سال کا اضافہ ہوسکتاہے۔ ڈاکٹرملہوترا کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر کے ڈاکٹر چکنائی کے پیچھے پڑگئے ہیں لیکن اصل مسئلہ بازاری اور تیار کھانے ہیں۔ بازاری کھانوں، ریفائن کاربوہائیڈریٹ والی غذاؤں سے پرہیز کرنے اور گھر میں پکا ہوا سادہ کھانا کھانے سے صرف عمومی صحت ہی بہتر نہیں ہوتی بلکہ دل کی بیماری سے بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں