اروناچل پردیش میں پل کی تعمیر، چین کی بھارت کو وارننگ

اروناچل پردیش میں پل کی تعمیر، چین کی بھارت کو وارننگ

نئی دہلی: چین نے ریاست ارونا چل پردیش میں ایک پل کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے کے معاملے پر ہندوستان کو 'محتاط' رہنے اور 'تحمل' کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔ چین کا یہ مشورہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ارونا چل پردیش کو پڑوسی ریاست آسام سے جوڑنے والے ایک پل کے افتتاح کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہم امید کرتے ہیں کہ بھارت چین کے ساتھ سرحدی معاملات کا تعین ہونے تک محتاط رویئے اور تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرے گا۔ ساتھ ہی اسے سرحدی علاقوں میں امن و استحکام برقرار رکھنے کو بھی یقینی بنانا چاہیئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دریائے برہم پترا کے کنارے ایک طویل ترین پل کا افتتاح کیا تھا جو ریاست آسام کو ارونا چل پردیش سے ملائے گا۔

9.2 کلومیٹر ڈھولا سادیا پل دونوں ریاستوں کے درمیان سفر کے وقت کو کم کر دے گا جس کے ذریعے ٹینکوں اور ہندوستانی فوجیوں کی نقل و حرکت میں آسانی ہو گی۔ گذشتہ ماہ چین نے تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کے ارونا چل پردیش کے دورے پر بھی احتجاج کیا تھا۔

واضح رہے کہ بیجنگ 81 سالہ دلائی لامہ کو علیحدگی پسند تصور کرتا ہے۔ دوسری جانب ہندوستان کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد مذہبی ہم آہنگی کا فروغ تھا اور اس کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں تھے۔ یاد رہے کہ دلائی لامہ 1959 میں ایک ناکام بغاوت کے بعد تبت فرار ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں