افطاری میں فضول خرچی سے سختی سے اجتناب کریں،مفتی اعظم

02:13 PM, 30 May, 2017

مکہ مکرمہ : سعودی عرب کے مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے روزہ افطار کرانے والے حضرات کوخبردار کیا ہے کہ وہ افطاری میں فضول خرچی سے سختی سے اجتناب کریں کیونکہ اسراف تقویٰ کے خلاف ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں سعودی مفتی اعظم نے کہا کہ ماہ صیام کے دوران مخیر حضرات روزہ داروں کی افطاری، سحری اور انہیں انواع اقسام کے کھانے کھلانے میں سبقت لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ حرمین شریفین کی زیارت کے لیے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی افطاری اور ضیافت بلا شبہ بڑے اجرو ثواب کا کام ہے مگر بہت سے لوگ افطاری میں اسراف سے کام لیتے ہیں۔ ایسے احباب جو افطاری اور سحری کی خدمات فراہم کرنے میں اسراف سے کام لیں انہیں تاکید کی جاتی ہے کہ وہ فضول خرچی سے پرہیز کریں کیونکہ فضول خرچی اور اسراف تقویٰ کے خلاف ہے۔

خیال رہے کہ ماہ صیام کے دوران سعودی عرب سمیت مسلمان ممالک میں لوگ روزہ داروں کی افطاری کے مشاغل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ مساجد میں روزہ داروں کی اجتماعی افطاریوں کے اہتمام کے دوران طرح طرح کے ماکولات و مشروبات پیش کیے جاتے ہیں۔ اس طرح بہت سا کھانا ضائع ہوجاتا ہے، اسراف کے زمرے میں آتا ہے۔ سعودی مفتی اعظم کا کہنا ہے کہ افطاری میں اسراف روزے کی تعلیمات اور تقویٰ کی شان کے خلاف ہیں۔

مزیدخبریں