برمنگھم : آسٹریلیا کے کرکٹر جان ہیسٹنگز نے کہاہے کہ پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے والا ہوگا کیونکہ دونوں ٹیمیں اچھی ہیں لیکن آپس میں کم کھیلتی ہیں۔ اپنے بیان میں جان ہیسٹنگز کا کہناتھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے اگلے مرحلے میں جانے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ آسٹریلین ٹیم کی بھی ایونٹ کیلئے بھرپور تیاری ہے اورانگلش ٹیم ہوم گرانڈ پر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ء کا آغاز کل سے ہو گا جو 18 جون تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت گروپ بی جبکہ تین روایتی حریف آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ گروپ اے میں شامل ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 4 جون کو آمنے سامنے ہوں گی۔
آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ کا آغاز یکم جون سے ہو گا اور 18 جون تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کو تیسری بار ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو گا۔ دو مرتبہ انگلش ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی تاہم پہلی بار اسے ویسٹ انڈیز جبکہ دوسری بار بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔