اسلام آباد: پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے حکم کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ ہائی کورٹ میں ان کی درخواست کی سماعت کل ہو گی اسلئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ان سے استفسار کیا کہ کیا عدالت نے کوئی حکم امتناع جاری کیا ہے جس کی وجہ سے سماعت ملتوی کر دی جائے۔ آپ کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیا گیا تھا لیکن آپ ناکام رہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔الیکشن کمیشن کے باہر دانیال عزیز نے پھر عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہیہ اشتہاری کونسا نیا پاکستان بنائیں گے؟۔ مائزہ حمید کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تحریک انصاف خود ہی اب انصاف سے بھاگ رہی ہے۔
یاد رہے 8 مئی کو الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ اور عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کو چیلنج کیا گیا تھا جس پر آج الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمیشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کا مکمل اختیار ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں