لاہور: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عام شہری بن کر جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل کا دورہ کیا۔
مریم اورنگزیب نے بھیس بدل کر ہسپتال کے مختلف کاونٹرز پر جا کر وارڈز کا معائنہ کیا اور ادویات کی مفت فراہمی، صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں کے لواحقین سے علاج اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں سوالات کیے۔
مریضوں کے لواحقین نے جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل میں صفائی ستھرائی، علاج اور مفت ادویات کی فراہمی میں بہتری کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ادویات ہسپتال کی فارمیسی سے فراہم کی جا رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور ایم ایس آفس جا کر کارکردگی پر وزیر اعلی کی طرف سے ایم ایس اور تمام ڈاکٹروں کی تعریف کی۔
یاد رہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے 24 مارچ کو جناح ہسپتال لاہور کا اچانک دورہ کیا تھا اور بدانتظامی پر ایم ایس جناح ہسپتال کو معطل کر دیا تھا۔ وزیر اعلی نے مفت ادویات کی فراہمی اور مریضوں کو باہر سے ادویات خرید کر لانے کی صورت حال پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔
اس کے بعد وزیر اعلی مریم نواز نے ہسپتالوں کی فارمیسیز کے باہر سکرین آویزاں کرنے، سٹاک میں موجود ادویات کی تفصیل عوام کو دکھانے، اور مفت دوائی کی فراہمی کے بارے میں اعلانات کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان ہدایات کے نتیجے میں جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل میں 6 دن کے اندر نمایاں بہتری آئی۔