پشاور: پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیر مراد سعید کے سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات منظور کرلیے گئے، اپیلیٹ ٹریبونل پشاور نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
اپیلیٹ ٹریبونل نے مراد سعید کے خلاف تمام 8 اعتراضات مسترد کردیئے ہیں ۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کے تصدیق اور تائید کنندہ کے دستخط اصلی ہے، مراد سعید نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جرمانے کی رقم جمع کی ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مفرور کو بھی انتخابات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے، مفرور ہونے کی بنیاد پر کاغذات مسترد نہیں ہوسکتے، مراد سعید نے اپنے اثاثے بھی ظاہر کئے، مراد سعید کے کاغذات پاور آف اٹارنی کے ذریعے جمع ہوئے جو درست ہیں۔
واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے خیبرپختونخوا کے ریٹرننگ آفیسر نے مراد سعید کے کاغذات مسترد کئے تھے جس کے خلاف انہوں نے اپیلیٹ ٹریبونل سے رجوع کیا تھا۔ 25 مارچ کو اپیلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس شکیل احمد نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے مراد سعید کی اپیل منظور کی تھی، اب اپیلیٹ ٹریبونل نے 26 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا۔
یاد رہے کہ اپیلیٹ ٹریبونل کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا چکا ہے۔