پاکستان ورلڈکپ کے میچز بنگلہ دیش یا سری لنکا میں کھیلنا چاہتا ہے: پی سی بی

05:23 PM, 30 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میچز بنگلہ دیش یا سری لنکا میں کھیلنا چاہتے ہیں۔ 
بھارتی نیوز ایجنسی (اے این آئی) کی رپورٹ کے مطابق بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر ایشیاکپ کیلئے بھارتی بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجی تو ہم ورلڈکپ کے میچز کیلئے ہندوستان نہیں جائیں گے۔ 
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پی سی بی چاہتا ہے کہ ایسی صورت میں سری لنکا یا بنگلہ دیش ورلڈکپ میں ہمارے میچز کی میزبانی کریں۔ 
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ میں پاکستان کے میچز بھارت کے علاوہ کسی اور ملک میں کرانے سے انکار کردیا ہے۔
گزشتہ روز پی سی بی کے سابق سی ای او اور آئی سی سی کے جنرل منیجر وسیم خان نے کہا تھا کہ مجھے نہیں لگتا ہندوستان میں شیڈول 2023 کے ورلڈکپ کیلئے پاکستان ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی۔
وسیم خان کے اس بیان کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہیں پی سی بی کے سی ای او جیسا برتاؤ چھوڑ دینا چاہیے۔

مزیدخبریں