توشہ خانہ کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

توشہ خانہ کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد : توشہ خانہ فوجداری کیس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی،  عمران خان  کے وکلاء کی جانب سے  آج  ان کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی  گئی۔

عمران خان کے وکیل فیصل چودھری  کا  عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ 3 روز سے ہڑتال چل رہی ہے۔اس پر امجد پرویز نے کہا کہ وکلا کی ہڑتال میں عمران خان تو شامل نہیں، اگروکیل ملزم ہڑتال پر ہوتے تو عمران خان کو کمرہ عدالت میں ہونا چاہیے تھا، ٹرائل کی سٹیج پر ملزم کی کمرہ عدالت میں حاضری لازم ہوتی ہے، عمران خان کو آنا چاہیے اگر ان کے وکیل ہڑتال پر جانا چاہتے ہیں۔

وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔  حکومت نے عمران خان سے سکیورٹی واپس لےلی ہے۔  سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان سیشن عدالت میں موجود نہیں۔ عمران خان ویڈیو لنک ذریعے بھی عدالت پیش ہوسکتےہیں۔ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے، دیگر عدالتی کارروائی جاری رکھیں گے۔

 جج نے ریمارکس دیئے کہ مشترکہ مشاورت سے عدالتی سماعت کے حوالے سے بتا دیں،  وکیل فیصل چوہدری نے کہا  کیس کی سماعت رمضان کے بعد رکھ لیں ؟ وکیل سعد حسن  کا کہنا تھا کہ ابھی تک توشہ خانہ کیس میں فرد جرم ہی عائد نہیں ہو پائی۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ اگر کیس کی سماعت  جمعرات کو نہیں رکھنی  تو ہفتے کو  رکھ لیں، تیاری کیلئے  10 دن  مل جائیں گے ۔

 وکلاء کے دلائل سن کر عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آج حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے  توشہ خانہ فوجداری   کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔
 

مصنف کے بارے میں