لاہور:وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ سامنے آنے کے بعد ہی نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب کی سیاست میں ہلچل مچا دی ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے گرین سگنل کے بعد چوہدری پرویز الہٰی کی لاہور آمد پر ہی ن لیگ کے 3 ارکان اسمبلی سے اہم ملاقات ہوئی ،ملاقات میں مولانا غیاث الدین ،فیصل نیازی ،اشرف انصاری بھی شامل ہیں ۔
ذرائع مسلم لیگ ن کے تین ارکان پنجاب اسمبلی کی اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات ہوئی ،تینوں رہنمائوں نے چودھری پرویزالٰہی کی حمایت کااعلان کردیا ۔
چودھری پرویزالٰہی سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے مولانا غیا ث الدین، ایم پی اے فیصل نیازی ، ایم پی اے اشرف انصاری ملے،،، تحریک انصاف کے رہنما یونس انصاری، چیف وہپ سید عباس علی شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے ،ملاقات میں ایم این اے حسین الٰہی، صوبائی وزیرحافظ عماریاسر بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر ن لیگی ارکان پنجاب اسمبلی نے چوہدری پرویز الہٰی سے کہا ہمیں آپ پر پورا عتماد ہے ہم آپ کے ساتھ چلیں گے ،آپ نے ہمیشہ شرافت اوروضعداری کی سیاست کی ہے،لیگی ارکان اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں بھی چودھری پرویزالٰہی نے وزارت اعلی کے منصب پر صوبے کے عوام کی خدمت کی ہے۔
ملاقات کرنے والے لیگی ارکان نے کہا ہمارے ساتھ ن لیگ کے 16 ایم پی اے بھی چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ چلیں گے،دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما یونس انصاری نے کہا ہمارا پورا گروپ چودھری پرویزالٰہی کی مکمل حمایت کرے گا,کسی قربانی کی ضرورت ہو وہ بھی انشاء اللہ پیش کریں گے۔
مولانا غیاث الدین کا کہنا تھا چودھری پرویزالٰہی کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں کامیابی عطا فرمائے،پاکستان باالخصوص صوبہ پنجاب کی خدمت کرنا ان کی اور ان کے خاندان کی روایت ہے،ہمارے گروپ کے تمام ارکان اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو کندھے سے کندھا ملا کر کامیاب کریں گے،انہوں نے کہا چودھری پرویزالٰہی نے جس طرح پہلے صوبہ پنجاب کی خدمت کی وہ اب بھی اسی طرح خدمت کریں گے۔