اسلام آباد:ایک طرف جہاں ملک میں تحریک عدم اعتماد کو لے کر بے یقینی سی کیفیت بنی ہوئی ہے وہیں اب ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی خبریں سامنے آنے لگیں لیکن ایسے میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ملک میں ایمرجنسی نہیں لگ رہی۔
شبلی فراز نے کہا ایسے کوئی حالات نہیں جس کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کی جائے کیونکہ عوام عمران خان کیساتھ ہیں ،اس لیے کوئی غیر جمہوری قدم نہیں لیا جائے گا۔
شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم پُر اعتماد ہیں، اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، جس وزیر اعظم کے ساتھ عوام ہیں وہ ایمرجنسی کیوں لگائے گا۔
دوسری جانب سینیٹر فیصل جاوید خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے خطاب مؤخر ہوگیا ہے۔
غیر ملکی خط کو لے کر وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس میں خط دکھانے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے ۔