اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ،اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت کو دھمکی آمیز خفیہ خط دکھایا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی جس کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی قومی اسمبلی کے ان کیمرہ اجلاس میں خط پر بریفنگ دیں گے۔
کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے دھمکی آمیز خط کابینہ کو دکھا دیا ،ذرائع کے مطابق کابینہ اراکین کو خفیہ مراسلہ ٹیلی پرامپٹر پر دکھایا گیا،خفیہ مراسلے کی تفصیلات نیو نیوز نے حاصل کر لیں ہیں ،ذرائع کے مطابق سابق سفیر اسد مجید نے امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی ایشیا سے ملاقات کے بعد دفتر خارجہ کو خفیہ مراسلہ بھیجا، کابینہ سے مندرجات شیئر کرنے کے بعد مراسلے کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سیل کردیا گیا ہے۔