کراچی: ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اپوزیشن کیساتھ معاہدے کی توثیق کر دی ، پارٹی کا اہم اجلاس ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد کراچی میں ہوا ۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اپنی ہی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) سے بڑا سرپرائز مل گیا ، متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات طے پاگئے جس کے بعد ایم کیو ایم نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ، باضابطہ اعلان آج شام پریس کانفرنس میں کیا جائے گا ۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے ٹوئٹس کرتے ہوئے اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان طے ہونے والے معاہدے کی تصدیق کی تھی ۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کیساتھ معاہدہ طے ہونے کے بعد وفاقی وزراء فروغ نسیم اور امین الحق نے اپنے استعفے وزیراعظم آفس کو بھجوا دئیے ہیں ۔
ایم کیو ایم کے دونوں رہنماؤں کی جانب سے استعفیٰ بھجوانے کی تصدیق کر دی گئی ہے ، اپوزیشن سے ہونے والے معاہدے پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین مطمئن ہو گئے جس کے بعد ایم کیو ایم نے حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔