وزیر اعظم کو دھمکی آمیز خط کا معاملہ، سپریم کورٹ میں درخواست دائر

11:57 AM, 30 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو دھمکی آمیز خط کا معاملہ سپریم کورٹ میں پہنچ گیا، عدالت سے  دھمکی آمیزخط کی تحقیقات متعلقہ سول،فوجی قیادت  سے کروانے کی درخواست  کر دی گئی۔

تفصیلات کے وزیراعظم عمران خان کو دھمکی آمیز خط کے معاملے کے حوالے سے تحقیقات کیلئے ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ نے  سپریم کورٹ میں درخواست دائرکر دی جس میں  وزیراعظم کی جانب سے جلسے میں دکھائے گئے خط کی تحقیقات کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ دھمکی آمیز خط اتنہائی حساس اورسنجیدہ معاملہ ہے،متعلقہ سول،فوجی قیادت کو بھجواکرتحقیقات کرائی جائیں۔

واضح رہے گزشتہ روز   وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور اسد عمر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دھمکی آمیز خط سے متعلق اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  تھا کہ  دھمکی آمیز خط کا تعلق براہ راست خارجہ پالیسی کے ساتھ ہے اور اپوزیشن میں سے نواز شریف کا بنیادی کردار ہے اور وزیراعظم چیف جسٹس کو یہ خط دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ فواد چوہدری بولے پہلے ہی کہا تھا نواز شریف کو باہر نہ جانے دیا جائے کیونکہ یہ خطرناک ہو گا۔ 

اسد عمر نے مزید  کہا کہ اس مراسلے میں براہ راست نوازشریف ملوث ہیں اور دوٹوک لکھا گیا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہونے اور وزیراعظم کے منصب پر برقرار رہنے کی صورت میں خطرناک نتائج ہوں گے لہٰذا بیرونی ہاتھ اور عدم اعتماد کی تحریک آپس میں ملے ہوئے ہیں اور یہ بات بہت اہم ہے کہ مراسلے میں کردار کون کون ہے۔ 

مزیدخبریں