وزیراعظم عمران خان آج  ای پاسپورٹ کا اجراء کریں گے

10:38 AM, 30 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج  ای پاسپورٹ کا اجراء کریں گے جو کہ  جدید ترین 29 نئے سکیورٹی فیچرز کا حامل ہو گا اور اس سے پاکستانیوں کو  دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر ای گیٹ کی سہولت ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل ای پاسپورٹ کا اجراکریں گے ، نئے بائیو میٹرک پاسپورٹ میں الیکٹرانک چپ استعمال ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق  مائیکرو چپ کے  حامل الیکٹرونک  پاسپورٹ میں درخواست گزار کی تمام تر تفصیلات محفوظ ہوں گی جو کہ امیگریشن اور نادرا کے سسٹم سے منسلک ہونگی ۔جس کے تحت  نہ صرف ایئر پورٹ پر دستاویزی سفری کارروائی انتہائی کم  وقت میں مکمل ہوگی بلکہ بورڈنگ کارڈ، امیگریشن کی تکمیل سے طیارے تک  جلد رسائی بھی  ممکن ہوسکے گی۔

ای پاسپورٹ میں جدید 29 نئے سکیورٹی فیچرز شامل کئے گئے ، نئے پاسپورٹ میں جعل سازی اور مرکزی صفحے کی تبدیلی ناممکن بنائی گئی ہے،  مرکزی صفحے پر پاسپورٹ ہولڈر کی ایک کی بجائے 2 تصاویر ہوں گی، پاسپورٹ کا مرکزی صفحہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈاٹ پر مشتمل ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اس حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ  ای پاسپورٹ میں جدید 29 نئے سکیورٹی فیچرز شامل کئے گئے ہیں جو کہ سفری دستاویز کی سب سے بڑی اپ گریڈیشن ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ  الیکٹرونک  پاسپورٹ سے دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر ای گیٹ کی سہولت ملے گی تاہم ابتدائی طور پر ای پاسپورٹ کی سہولت سفارتی، سرکاری پاسپورٹس کیلئے ہوگی۔

مزیدخبریں