لاہور : پاکستان کیخلاف پہلا ون ڈے جیتنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کو بڑا جھٹکا، آل راؤنڈر مچل مارش انجری کے باعث ون ڈے سیریز اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلوی ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹر مچل مارش کی فٹنس میں بہتری نہیں آسکی جس کے باعث آل راؤنڈر پاکستان کیخلاف سیریز میں مزید اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے اور آج وطن واپسی کے لیے دبئی روانہ ہو رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ مچل مارش فیلڈنگ ڈرلز کے دوران ہپ انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعث وہ گزشتہ روز پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔
قبل ازیں آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ بھی کہنی میں درد جب کہ ایشٹن اگر کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلوی بیٹر میتھیو رنشا لاہور پہنچ گئے ہیں اور کورونا کی تشخٰٰیص کیلئے ہونے والے پی سی آر ٹیسٹ کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے، ون ڈے سیریز کے دیگر 2 میچز بھی لاہور میں ہیں جو 31 مارچ اور یکم اپریل کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی 20 میچ بھی ہو گا۔