لاہور: انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال (فیفا) نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو معطل کرنے کی وارننگ دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کرنے کا خدشہ ظاہر کردیا اور نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے نام خط میں کہا کہ پاکستان فٹ بال کے معاملات ہارون ملک کی سربراہی میں نارملائزیشن کمیٹی چلانے کی مجاز ہے۔
فیفا کے خط کے مطابق بدھ 31 مارچ کی رات تک فیڈریشن کا چار ج ہارون ملک کے حوالے نہ کیا گیا تو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور پی ایف ایف کے فٹ بال ہاؤس میں در اندازی کا معاملہ کانگریس اجلاس میں لے جایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے معاملات ایک بار پھر الجھ گئے ہیں اور ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ پی ایف ایف میں اس وقت ایک اور تنازعہ پیدا ہو گیا جب پی ایف ایف اشفاق حسین گروپ کے لوگ اشفاق حسین کی سربراہی میں فیفا فٹ بال ہاؤس پہنچ گئے اور معاملات اپنے ہاتھ میں لے لئے جس پر فیفا نے متنبہ کیا ہے کہ اگر فیڈریشن کے حالات بہتر نہ ہوئے تو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت کو معطل بھی کیا جاسکتا ہے۔