فواد چوہدری کراچی میں الیکٹرک بس منصوبہ شروع کرنے پر سندھ حکومت کے معترف

فواد چوہدری کراچی میں الیکٹرک بس منصوبہ شروع کرنے پر سندھ حکومت کے معترف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں الیکٹرک بس منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے دیگر صوبوں کی طرف سے بھی جلد ایسے اقدامات کی امید ظاہر کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں کراچی میں مسافروں کیلئے الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کے اہم اقدام پر سندھ حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزارت ٹرانسپورٹ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی مستقبل کے نقطہ نظر کے حوالے سے سندھ حکومت کے اس منصوبے کے پیچھے کھڑی ہے۔‘ 


وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے امید ظاہر کی ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا بھی جلد ازجلد اسی راستے پر چلیں گے۔واضح رہے کہ کراچی میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے پہلی الیکٹرک بس کا افتتاح کردیا ہے۔ 
اس موقع پر اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ یہ مکمل طور پر ایک الیکٹرک بس ہے اور حکومت ہر مہینے بسوں کا اضافہ بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جلد 250 بسوں کی ٹینڈرنگ کرنے جارہی ہے، الیکٹرک بس کا کرایہ 4 روپے فی کلو میٹر ہو گا اور ابتداءمیں یہ بس ٹاور سے سہراب گوٹھ تک چلے گی۔