کراچی: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 13 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے 13 اپریل کو اجلاس طلب کیا ہے جبکہ زونل اور ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کا اجلاس اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں ہو گا۔ اس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹی اسلام آباد کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہو گا۔
واضح رہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے نئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے یہ پہلا اجلاس ہے جنہیں گزشتہ سال دسمبر میں مفتی منیب الرحمان کی جگہ چیئرمین بنایا گیا تھا جن کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں ایک ہی دن رمضان المبارک کا آغاز ہو گا اور عید بھی بیک وقت ہی منائی جائے گی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے رویت ہلال کمیٹی کا چیئرمین بننے کے بعد جنوری میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ چاند دیکھنے کے معاملے اور ایک ہی دن پورے ملک میں عید منانے کے معاملے پر بھائی چارے اور یکجہتی کیلئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔