لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے ڈاکٹرز بھی متاثر ہونے لگے ہیں۔ ایک ہفتے میں سروسز ہسپتال لاہور کے 110 ڈاکٹرز اس وبائی مرض کا شکار ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے اہم ترین سروسز ہسپتال میں ڈاکٹروں کی بڑی تعداد بھی عالمی وبا کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد ہسپتال میں ڈاکٹرز کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 110 ڈاکٹرز شکار ہوئے جن میں سے 10 ڈاکٹروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ متاثر ہونے والے ڈاکٹروں نے خود کو ہاسٹل اور گھروں میں آئسولیٹ کر لیا ہے اور ہسپتال میں ڈاکٹروں کی وجہ سے مریض بھی متاثر ہونے لگے ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سروسز ہسپتال نے محکمہ صحت کو فوری اقدامات کرنے کیلئے مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا کہ ایک ہفتہ میں 100 سے زائد ڈاکٹر متاثر ہونے سے طبی عملے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ کورونا سمیت دیگر وارڈز میں کام کرنے والے ڈاکٹرز میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ہسپتال کی او پی ڈی کو فوری طور پر محدود کیا جائے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مراسلے میں کورونا مریضوں کیلئے میڈیکل آفیسرز کی تعیناتیوں اور تمام ڈاکٹرز کی فوری ویکسی نیشن کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ چین سے خریدی گئی کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ آج پاکستان پہنچے گی۔ وسیع پیمانے پر آنے والی ویکسین سے 30 لاکھ ڈوز پاکستان میں بنیں گی۔ کین سینو ویکسین کے ٹرائل کے تیسرے مرحلے میں پاکستان شریک ہوا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اپریل کے وسط تک وسیع پیمانے پر کین سینو ویکسین لے گا اور ویکسین کی ڈوز بنانے کیلئے خصوصی آلات خرید لیے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی وبا سے 100 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 17 ہزار 694، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں 86 ہزار 44، بلوچستان میں 19 ہزار 535، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 16، اسلام آباد میں 57 ہزار 204 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 549 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 15 لاکھ 3 ہزار 364 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 269 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 278 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 170 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 356 ہو گئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 319، سندھ میں 4 ہزار 495، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 319، اسلام آباد میں 563، بلوچستان میں 207، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 350 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔