لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے دباؤ پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں جس نے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم، آفیشلز، میڈیا اور شائقین کو ویزوں کے اجراءسے متعلق حکومتی ضمانت سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی بورڈ کا2 روزہ ورچوئل اجلاس 31 مارچ اور یکم اپریل کو ہوگا جس میں پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر بھارتی بورڈ کے حکام رواں سال اکتوبر، نومبر میں اپنے ملک میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کیلئے سیکیورٹی، ویزہ، حکومتی اجازت نامہ سمیت دیگر اہم معاملات پر پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
پی سی بی پہلے ہی آئی سی سی پر یہ واضح کر چکا ہے کہ پاکستانی ٹیم صرف اسی صورت میں بھارت جاکر کھیلے گی جب کھلاڑیوں، آفیشلز، میڈیا اور مداحوں کو بھارت ویزے اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائے گا، بصورت دیگر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں میگا ایونٹ کرانے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ ہوا تھا، البتہ اب بی سی سی آئی ضمانت دینے پر تیار ہو چکا ہے اس لئے ٹورنامنٹ کا انعقاد بھارت میں ہی ہونے کا قوی امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی بورڈ اپنی حکومت سے پاکستان سے آنے والوں کو ویزے سمیت سیکیورٹی دینے کی گارنٹی اور اجازت حاصل کرچکا ہے جس کا باقاعدہ اعلان کل آئی سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب آئی سی سی بورڈ میٹنگز گزشتہ پانچ روز سے جاری ہیں جس دوران فنانس، ایچ آر اور لیگل کے اجلاس ہوچکے ہیں جبکہ چیف ایگزیکٹوزکی میٹنگ بھی مکمل ہو چکی اور ان اجلاسوں میں ہونے والی پیش رفت پر مشاورت اور اہم فیصلوں کی منظوری بورڈ اجلاس میں دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹیوز میٹنگ میں کورونا وائرس کی وجہ سے اٹھائے گئے اقدامات کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق رواں برس جولائی کے وسط تک مقامی امپائرز ہوم سیریز میں ذمہ داری انجام دیتے رہیں گے۔آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے رواں ماہ کے شروع میں ہونے والے اجلاس میں میچ آفیشلز کیلئے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دی تھی جس کے تحت صرف ان ممالک میں 3 مقامی آفیشلز کیساتھ ایک نیوٹرل امپائرکا تقررکیا جائے گا جہاں پر دیگر ممالک سے آفیشلز بغیر قرنطینہ کی شرط کے آسانی سے جا سکیں۔
چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کی جانب سے آئی سی سی بورڈ کو حتمی منظوری کیلئے جو سفارشات بھیجی گئی ہیں ان کے مطابق 18 سے 22 جون تک ساؤتھمپٹن میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول ٹیسٹ چیمپین شپ فائنل میں نیوٹرل امپائرزکا تقرر ہو گا چونکہ یہ میچ انگلینڈ میں ہونا ہے اس لئے وہاں سے تعلق رکھنے والے کرس براڈ ممکنہ طور پر میچ ریفری ہوں گے،ان کے ساتھ ہم وطن رچرڈ کیٹل برو، مائیکل گف اور رچرڈ ایلنگورتھ ذمہ داری انجام دیں گے، یہ تینوں انگلش امپائرز آئی سی سی کے 12 رکنی ایلیٹ پینل میں شامل ہیں۔