حماد اظہر نے وفاقی وزیر برائے خزانہ کا چارج سنبھال لیا

05:15 PM, 30 Mar, 2021

اسلام آباد: حماد اظہر نے وفاقی وزیر خزانہ کا چارج سنبھال لیا ہے۔ انہیں یہ اضافی قلمدان دیا گیا ہے ان کے پاس وزیر صنعت و پیداوار کا قلمدان بھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے وفاقی وزیر برائے خزانہ کا چارج سنبھال لیا ہے۔ کابینہ ڈویژن نے حماد اظہر کو وزیر خزانہ بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ انہیں یہ اضافی قلمدان دیا گیا ہے ان کے پاس وزیر صنعت و پیداوار کا قلمدان بھی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے انھیں عبدالحفیظ شیخ کی جگہ اس اہم عہدے کیلئے مقرر کیا تھا۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو مہنگائی کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے اور امید کرتے ہیں حماد اظہر کے آنے سےغریب عوام کو ریلیف ملے گا۔

حماد اظہر وزیرِ صنعت و پیداوار بننے سے قبل وفاقی وزیر برائے اقتصادی اُمور تھے۔ اپریل 2020 میں چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد جب حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی خسرو بختیار سے اُن کا قلمدان لے کر اُنھیں وفاقی وزیر برائے اقتصادی اُمور بنا دیا گیا تھا جبکہ حماد اظہر کو اقتصادی اُمور کی وزارت سے تبدیل کر کے وزیرِ صنعت و پیداوار بنا دیا گیا تھا۔

حماد اظہر اس سے قبل مالی سال 2019 تا 2020، اور 2020 تا 2021 کے لیے بجٹ بھی پیش کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی سے شکست کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی 3 سال سے بھی کم مدت کے دوران وفاقی کابینہ میں تیسری مرتبہ بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ میں رواں برس اپریل میں تبدیلی کی گئی تھی جس کے تحت خسرو بختیار کو وفاقی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سے ہٹا کر اقتصادی امور، حماد اظہر کو اقتصادی امور کی جگہ وزارت صنعت جبکہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو وزارت غذائی تحفظ دی گئی تھی۔

مزیدخبریں