اسلام آباد: تبلیغی جماعت کی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں یکم اپریل سے 4 اپریل تک شیڈول سالانہ اجتماع ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بتایا کہ انہوں نے مذہبی جماعت سے درخواست کی تھی کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر وہ اپنا سالانہ اجتماع ملتوی کر دیں اور میں بہت شکرگزار ہوں کہ انہوں نے میری درخواست قبول کر لی ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ’میں تبلیغی جماعت کی انتظامیہ کا بے حد مشکور ہوں کہ انہوں نے میری درخواست پر اسلام آباد میں یکم اپریل سے 4 اپریل تک شیڈول سالانہ اجتماع منسوخ کر دیا ہے۔ یہ درخواست شہر میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاﺅ کے پیش نظر کی گئی تھی۔‘
I am very grateful to the Management of "Tableeghi Jamaat" that ON MY REQUEST, they have postponed their annual 'IJTEMA' in Islamabad, scheduled from 1st to 4th April. The request was made in view of the increasing cases of COVID-19 in the City. #NCOC #COVID19
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) March 30, 2021
واضح رہے کہ پاکستان میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی تیسری لہر شدت اختیار کر چکی ہے اور اسلام آباد، لاہور سمیت مختلف شہروں میں مثبت کیسز سامنے آنے کی شرح میں بے حد اضافہ ہوا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کئے گئے آخری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ایکٹو کیسز کی تعداد 6,126 ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 563 ہو چکی ہے۔