وزیراعظم عمران خان عالمی وبا کو شکست دیکر صحت یاب ہوگئے

04:18 PM, 30 Mar, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان عالمی وبا کو شکست دے کر صحت یاب ہوگئے ، انہوں نے سرکاری مصروفیات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کا عالمی وبا کا ٹیسٹ منفی آگیا ، رپورٹ منفی آنے کے بعد انہوں نے سرکاری مصروفیات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔ وزیراعظم فرائض کی انجام دہی میں ہیلتھ گائیڈ لائنز کو ملحوظ خاطر رکھ رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان نے صدر مملکت عارف علوی کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا اور اُن کی خیریت دریافت کی ۔

عمران خان نے عارف علوی کے ساتھ آئسولیشن کا تجربہ بھی شئیر کیا ، ساتھ ہی کہا کہ صحت کا خیال رکھیں اور مکمل آرام کریں ۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کا بھی ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے ۔

عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میرا عالمی وبا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ساتھ ہی انہوں نے دعا کی کہ اللہ وبا کے تمام متاثرین پر رحم فرمائے ۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں نے وبا سے بچاؤ کی پہلی ڈوز لگوائی تھی لیکن وبا کیخلاف قوت مدافعت (اینٹی باڈیز) ویکسین کی دوسری ڈوز لگنے کے بعد پیدا ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ وبا سے بچاؤ کی ویکسین کی دوسری ڈوز مجھے ایک ہفتے میں لگنی تھی ۔

اپنی ٹوئٹ میں صدر مملکت نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے عوام سے وبا سے بچاؤ کی اپیل کی ہے ۔

خیال رہے کہ 15 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں ویکسین لگوائی تھی ۔

مزیدخبریں