اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے سے ہیلتھ سیکٹر پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔عوام نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا ہے۔وائرس کو سنجیدگی سے لیں،تیسری لہر شدت سے آرہی ہے۔
چک شہزاد میں سرکاری ہسپتال کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ عوام کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں۔ آج سے 50 سال کی عمرکے افراد کو بھی ویکسین لگانا شروع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 8.83 فی صد ہے ۔اسلام آباد میں 12.31 ،پنجاب میں 10.43 ،کے پی میں 8.55 ،سندھ میں 2.98 ،آزاد کشمیر میں 8.98 اور گلگت بلتستان میں کورونا کے مثبت کیسز شرح 2.33 فی صد ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر بے قابو ہوگئی۔ 24 گھنٹے کے دوران 100 افراد انتقال کرگئے۔4 ہزار 84 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ آج مثبت کیسز کی شرح 8.8 فیصد رہی۔
این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 100 افراد انتقال کر گئے۔ کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 14ہزار356 ہوگئی۔
24 گھنٹے کے دوران 4084 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کیسز کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار 200 ہوگئی۔2081 افراد صحت یاب ہوئے۔ اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 278 ہوگئی ہے۔
ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 48 ہزار 566 تک پہنچ گئی ہے جن میں 3 ہزار 170 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ تشویشناک مریضوں میں سے 115 گزشتہ روز ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیس صوبہ سندھ میں ہیں جہاں 2 لاکھ 65 ہزار 158 مریض ہیں جن میں سے 2 لاکھ 55 ہزار 952 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 4 ہزار 711 ایکٹو کیس ہیں جبکہ 4 ہزار 495 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ صوبہ پنجاب دوسرے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ 17 ہزار 694 مریض ہیں جن میں سے 1 لاکھ 86 ہزار 985 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں، 24 ہزار 390 ایکٹو کیس ہیں اور پنجاب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6319 ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں 86 ہزار 44 مریض ہیں جن میں سے 75 ہزار324 صحت یاب ہوچکے اور 8 ہزار 401 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ 2 ہزار 319 افراد جاں جاں بحق ہوئے۔ صوبہ بلوچستان میں 19 ہزار 535 کیسز سامنے آچکے جن میں سے 19 ہزار67 صحت یاب ہو چکے، 261 ایکٹو کیس ہیں جبکہ 207 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ گلگت بلتستان میں 5 ہزار16 مریض سامنے آئے جن میں سے 4 ہزار 867 صحت یاب ہوئے جبکہ 103 افراد جان سے گئے اور 46 ایکٹو کیسز ہیں۔
وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں کورونا کے 57 ہزار 204 مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے 47 ہزار 271 مریض صحت یاب ہوچکے۔ 9 ہزار 370 مریض زیر علاج ہیں، 563 افراد جاں بحق ہوچکے۔ آزاد کشمیر میں 12ہزار 549 کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 10 ہزار 812 صحت یاب ہوگئے، 1387 ایکٹو کیس ہیں اور 350 افراد جان سے جا چکے ہیں۔