اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تابش گوہر کو معاون خصوصی برائے پیٹرولیم مقرر کردیا ہے۔ انہیں پاور کے ساتھ پٹرولیم کا اضافی چارج دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تابش گوہر معاون خصوصی برائے پاور و پیٹرولیم ہونگے۔ کابینہ ڈویژن نے ندیم بابر کو معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے جبکہ حماد اظہر کو وزیر خزانہ بنانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پٹرول بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے سیکرٹری پٹرولیم اور معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو گزشتہ روز عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے سینئررہنما سینیٹر شبلی فراز نے عبدالحفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے عمران خان ناخوش تھے جس کی وجہ سے حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹایاگیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نئی معاشی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیاہے ۔حقائق مدنظر رکھ کر فیصلے کئے جاتے ہیں ۔کابینہ میں تبدیلیوں کا مقصد غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ حماد اظہر وزیراعظم کے وژن کو آگے لیکر چلیں گے۔وزیر خزانہ کا قلمدان حماد اظہر کو دیا گیا ہے۔