خیرات سے کورونا کا مقابلہ کیا جار ہا ہے، پاکستان کے علاوہ ہر ملک نے کورونا پر قابو پالیا: شاہد خاقان

11:21 AM, 30 Mar, 2021

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایک سال پہلے کورونا آیا ،سوائے پاکستان کے ہر ملک نے قابو پا لیا۔ حکومت خیرات لیکر کورونا کا مقابلہ کررہی ہے۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت  کے باہر ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ  کسی بھی ملک میں کورونا ویکسین بیچنے کی اجازت نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے خود ویکسین نہیں خریدی، نجی شعبوں کو ویکسین منگوانے کی اجازت دے دی۔

انہوں نے آج بھی نیب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔کہا سیاسی نظام کو دباؤ میں لایا جا رہا ہے ۔نیب کے اقدامات ملکی مفاد میں نہیں ۔ عدالتوں میں کیمرے لگائیں،نیب کا تماشا عوام کو دکھائیں ۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ  نیب اپوزیشن کو دبانے کے لئے بنی تھی اور آج بھی وہی کام کررہی ہے۔ نیب رہے گا یا ملک رہے گا، دونوں اکٹھے نہیں چل سکتے۔ براڈ شیٹ اسکینڈل کی فائلیں غائب ہورہی ہیں۔

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی آپس میں بیان بازی اور پی ڈی ایم  کے مستقبل کے حوالےسے سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم قائم ہے اور آئندہ بھی قائم رہے گی۔ 

قبل ازیں احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔عدالت نے نیب کے گواہ کا بیان ریکارڈ کیا۔ ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی کے ساتھ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی ملزم ہیں۔

مزیدخبریں