لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کا تیزی سے پھیلاؤ روکنے کیلئے سابق کھلاڑی بھی میدان میں آگئے ہیں۔ اپنے پیغامات میں لوگوں کو احتیاط کرنے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کر دی ۔
ملک میں عالمی وبا کے کیسز میں اضافے پر سابق کپتان سلمان بٹ اور سعید اجمل نے اپنے چاہنے والوں کو اہم پیغام دیا ہے۔ سلمان بٹ نے کہا کہ عالمی وبا کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے اس سے بہت لوگ متاثر ہو رہے ہیں ۔ ہر جگہ برا حال ہے ، گذارش ہے کہ اپنا اور دوسروں کا خیال رکھیں ، ایس او پیز کو فالو کریں ، خود بھی ماسک پہنیں اور دوسروں کو بھی ماسک پہننے کی تلقین کریں ۔
سعید اجمل نے کہا کہ بیمار ہو کر ہسپتالوں میں جانے سے بہتر ہے کچھ دن گھروں میں بیٹھ جائیں ۔ وزیر اعظم اور صوبائی حکومتوں کی ہدایات پر عمل کریں ، اپنی اور اپنے بچوں کی صحت کا خیال رکھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر گھر سے نکلنا ضروری ہے تو ماسک کا استعمال اور ایس او پیز پر عمل کریں ۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں وبا کی تیسری لہر بے قابو ہو گئی ، مہلک وائرس سے اب تک سب سے زیادہ 100 اموات رپورٹ ہوئی جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی ۔
24 گھنٹوں میں وبا کے مزید 4 ہزار 84 کیس رپورٹ ، 46 ہزار 269 ٹیسٹ کیے گئے ، ملک بھر میں وبا کے فعال کیسز کی تعداد 48 ہزار 566 ہو گئی ۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار، 200 ہوگئی جبکہ وبا سے متاثر 6 لاکھ 278 افراد مہلک وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں ۔