لاہور: شاہ عالم مارکیٹ میں پلازہ مالک سمیت  3 افراد کے قتل کا مقدمہ درج

10:00 AM, 30 Mar, 2021

لاہور  : لاہور کی  شاہ عالم مارکیٹ  میں پلازہ مالک سمیت  تین افراد  کے  قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیاہے ۔ تھانہ موچی گیٹ میں درج مقدمہ میں  4 نامزد  اور 5  نا معلوم   افراد   شامل  ہیں۔

نیو نیوز کے مطابق گزشتہ روز  شاہ عالم مارکیٹ کے علاقہ دانا مارکیٹ میں پلازہ کے باہر سٹال لگوانے کے جھگڑا پر قریشی گروپ اور لودھی گروپ کے مابین کراس فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے تھے۔

جاں بحق ہونے والوں میں باڑہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری 29 سالہ چوہدری زبیر پلازہ کے مالک 50سالہ عاطف قریشی اور راہ گیر 65سالہ محمد بوٹا شامل تھے ۔

قریشی گروپ نے الزام لگایا کہ لودھی گروپ پلازہ کے سامنے سٹال لگوا کر فی کس دو ہزار روپے لینا چاہتا تھا جس پر کئی روز سے تنازع چلا آ رہا تھا۔عاطف قریشی کے پلازہ کے باہر چوہدری زبیر زبردستی سٹال لگوانا چاہتا تھا۔

عاطف نے روکا تو تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے بعد پھر دونوں اطراف سے فائرنگ شروع ہو گئی جس کی زد میں آ کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ تین افراد عمران، عرفان اور طاہر زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا

 مقتول عاطف قریشی کے بھائی آصف قریشی نے الزام لگایا کہ انتظار حسین لودھی بھتہ مانگتے تھے وہ پلازہ کےسامنے سٹال لگوا کر وہاں سے دو ہزار فی سٹال لینا چاہتے تھے روکا گیا تو انہوں فائرنگ کر دی۔

مزیدخبریں