پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس 4 کے بجائے 5 اپریل کو ہوگا

09:36 AM, 30 Mar, 2021

اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس 4 کی بجائے 5 اپریل کو کراچی میں طلب کر لیا۔

نیو نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زراری نے تمام ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اجلاس میں لازمی طور پر پہنچیں۔ اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کے علاوہ پی ڈی ایم کے آئندہ صورتحال اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔

قبل ازیں پیپلز پارٹی کی طرف سے سی ای سی کا اجلاس 4 اپریل کو سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر طلب کیا گیا تھا۔ کورونا کی تیسری لہر پھیلنے کی وجہ سے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریبات ملتوی کردی گئی تھیں جس کے بعد اب سی ای سی کا اجلاس 5 اپریل کو ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔ پی ڈی ایم کے گزشتہ اجلاس میں استعفوں کے معاملے پر شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔ 9 جماعتیں فوری استعفوں کے حق میں تھیں جبکہ پیپلز پارٹی نے استعفوں کی مخالفت کی تھی۔

پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے مختصر گفتگو کی تھی جس میں انہوں نے کہاتھا کہ پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کو استعفوں کے معاملے پر غور کے لیے ایک موقع دیا ہے ۔انہیں کہا ہے کہ وہ پی ڈی ایم کا موقف پارٹی میں رکھیں اور پی ڈی ایم کو بتائیں۔ پیپلزپارٹی کے فیصلے تک لانگ مارچ بھی ملتوی کیا جاتا ہے۔ 

مزیدخبریں