ماحولیاتی کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان کو نہ بلانے پر امریکا کی وضاحت

08:54 AM, 30 Mar, 2021

واشنگٹن : موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے  لیڈرز کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان   کو مدعو نہ کرنے پر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس اجلاس کا مقصد عالمی سطح پر 80 فیصد دھویں کے اخراج اور عالمی جی ڈی پی کی ذمہ دار اہم معیشتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

میڈیا کے سوال پر بذریعہ ای میل جواب دیتے ہوئے محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم حکومت پاکستان اور دیگر حکومتوں کے ساتھ مل کر ماحولیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی مقاصد کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام نومبر میں ہونے والی ماحولیاتی تبدیلی پر کانفرنس   COP-26 سے پہلے لیڈرز سمٹ ماحولیات سے ہونے والے متعدد اہم ایونٹس میں سے صرف ایک ہے۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو  وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ صدر بائیڈن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سمیت دنیا کے 40 سربراہان مملکت کو ماحولیات پر ورچوئل سمٹ میں مدعو کیا ہے۔

یہ ماحولیاتی کانفرنس 22 اور 23 اپریل کو ہو گی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ’سمٹ کا مقصد عالمی سطح پر 80 فیصد دھویں کے اخراج اور عالمی جی ڈی پی کی ذمہ دار اہم معیشتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ عالمی تپش کو 1.5 ڈگری سیلسیئس تک روکنے کے ہدف کو جاری رکھیں۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ سمٹ کے مقاصد کے حوالے سے تمام حکومتوں کی جانب سے جاری بیانات کا خیر مقدم کرتا ہے۔

مزیدخبریں